بھٹکل:26؍اگست(ایس اؤ نیوز) اقلیتوں بالخصوص مسلم بچے تعلیم کے میدان میں دیگر کمیونٹی کے مقابلے میں کافی پیچھے ہیں حالانکہ اقلیتوں کے لئے حکومت کی جانب سے اسکالر شپ بھی دی جاتی ہے، تاکہ یہ بچے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں، مگر بالخصوص مسلم بچوں میں اسکالر شپ کو لے کر بیداری نہیں پائی جاتی، اسی طرح سرکاری اسکیموں کو حاصل کرنے کی طرف بھی مسلم عوام زیادہ توجہ نہیں دیتے۔
مسلم بچوں کو تعلیمی اسکالرشپ دلانے اور اُنہیں تعلیم کے میدان میں آگے بڑھانے کے مقصد سے بھٹکل اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول میں اقلیتی اداروں کے صدور مدرس اور نوڈل آفیسروں کے لئے تربیتی اور معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے ٹیچروں اور ذمہ داروں کو بتایا گیا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے کے لئے کس طرح کی کاغذی کاروائیوں کو انجام دینا ہوتا ہے۔
اقلیتی محکمہ کے تعلقہ آفیسر شمس الدین نے ورکشاپ میں بات کرتےہوئے کہاکہ بھٹکل تعلقہ میں اقلیتی طلبا زیادہ تعداد میں ہیں ان سب کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکالر شپ ملنی چاہئے ، اس سلسلے میں ہر اسکول کے صدر مدرس اپنے طلبا کے والدین و سرپرستوں کو اسکالرشپ کے متعلق معلومات فراہم کرتےہوئے نیشنل اسکالرشپ پورٹل (این ایس پی ) میں اپنے نام رجسٹرڈ کرانے چاہئے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیمات عامہ کے اشتراک سے محکمہ اقلیت متحرک ہے اور ہر مرحلے پر تربیت اور معلومات دے رہاہے۔ اسی کےلئے تعلقہ توسیعی دفتر کا الگ سے انتظام بھی کیاگیا ہے اور دعوت سنٹر میں سٹی زن سنٹر کے تعاون سے اسکالرشپ کےلئے این ایس پی پورٹل میں طلبا کا مفت میں رجسٹریشن بھی کرایا جارہاہے۔انہوں نے اپیل کی کہ اسکول اور عوامی اشتراک و تعاون سے تعلقہ کے سبھی اقلیتی طلبا اس سے مستفید ہونےکی کوشش کریں۔
نوائط کالونی کلسٹرکے نمائندہ منیرہ نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ ڈائس پر اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے صدر مدرس شبیر احمد دفعدار ، اقلیتی طالبات ہوسٹل کے وارڈن ناگیندر ، نیشنل کالونی کی سی آرپی نازیہ وغیرہ موجود تھے۔